ویکیپیڈیا:خوش آمديد
اردو ویکیپیڈیا ایک ایسا دائرۃ المعارف اور مخزن العلوم ہے جو اپنے قارئین کے تعاون اور باہمی اشتراک سے لکھا جاتا ہے۔ نیز یہ ویب سائٹ اپنے صارفین کو مختلف موضوعات سے متعلق معلومات تحریر کرنے کے لیے آزادانہ ماحول فراہم کرتی ہے، یہاں کوئی بھی شخص تقریباً ہر مضمون میں ترمیم کر سکتا ہے۔ مطلوبہ مضمون میں ترمیم کرنے کے لیے صفحہ کے اوپر موجود "ترمیم" پر کلک کریں، متعلقہ مضمون کا خانہ ترمیم کھل جائے گا۔ وہاں مطلوبہ ترمیم کرکے نیچے موجود بٹن "تبدیلیاں شائع کریں" پر کلک کریں، کچھ ہی سیکنڈ میں یہ تبدیلیاں مضمون میں نظر آنے لگے گی۔
ابتدائی باتیں
[ترمیم]اگر یہاں آپ کو کوئی مضمون پسند آئے، کسی مضمون کے مواد کے متعلق کوئی سوال کرنا ہو یا کسی قسم کی گفتگو کرنا ہو تو آپ متعلقہ مضمون کے "تبادلۂ خیال صفحہ" پر اپنے تاثرات یا سوال درج کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے پہلے "تبادلۂ خیال" اور پھر "ترمیم" پر کلک کریں، یہاں کھلنے والے خانہ تحریر میں اپنے تاثرات درج کرکے "شائع کریں" پر کلک کریں۔ ہمیں آپ کے تاثرات پڑھ یا سوال جان کر خوشی ہوگی۔
اگر آپ کو کسی مخصوص مضمون کی تلاش ہے اور وہ نہیں مل سکا تو ہم سے یہاں اس صفحہ میں رابطہ کریں۔ اگر آپ کسی موضوع پر ایسا مضمون پڑھنا چاہتے ہیں جو اردو ویکیپیڈیا پر ابھی موجود نہیں ہے تو درخواست شدہ مضامین کے صفحے پر اپنی درخواست درج فرما دیں۔
ترتیب و ترمیم
[ترمیم]اردو ویکیپیڈیا میں کوئی بھی شخص تقریباً ہر مضمون میں ترمیم کر سکتا ہے۔ ترمیم کرنے کے لیے صفحہ کے اوپر کی جانب ترمیم پر کلک کریں، ایک خانہ تحریر نمودار ہوگا، یہاں مطلوبہ ترمیم کریں اور اس خانہ کے نیچے تبدیلیاں شائع کریں پر کلک کریں، کچھ ہی سیکنڈ میں مطلوبہ تبدیلیاں مضمون میں نظر آنے لگے گی۔ یہاں مضمون میں ترمیم کرنے کے لیے کھاتہ بنانے کی ضرورت نہیں، لیکن بہتر ہوگا کہ کھاتہ بنا کر ترمیمیں کی جائیں۔
ہماری مدد کرنے کا سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ آپ ویکیپیڈیا کو کسی بھی دوسرے دائرۃ المعارف کی طرح پڑھیں۔ جہاں آپ کو کوئی بات صحیح نہ لگے تو ترمیم پر کلک کریں اور غلطی کو صحیح کر دیں۔ غلطی کرنے سے نہ گھبرائیں، کیونکہ اس غلطی کو بھی درست کیا جا سکتا ہے۔ اردو ویکیپیڈیا میں اس وقت 215,399 مضامین ہیں اور روز بروز اس کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ آپ یہاں نیا مضمون بھی تحریر کر سکتے ہیں۔ اگر آپ کو اس بات کا خدشہ ہے کہ مضمون میں آپ کی چھیڑ چھاڑ سے اس کا حلیہ بگڑ جائے گا تو اپنے نجی ریت خانے میں جائیں، اس صفحہ میں آپ خوب مشق کر سکتے ہیں۔ مکمل درست ہو جانے کے بعد اصل مضمون میں چسپاں کر دیں۔
بہتر ہوگا کہ پہلے آپ اردو ویکیپیڈیا کی حکمت عملیوں اور اصول و ضوابط کا مطالعہ فرما لیں۔
شامل ہونا چاہتے ہیں؟
[ترمیم]گرچہ ویکیپیڈیا میں ہر شخص بغیر کھاتہ بنائے بھی ترمیم کر سکتا ہے لیکن کھاتہ بنانے کے بعد آپ کو بہت سے فوائد اور اضافی سہولتیں میسر ہونگی، نیز دیگر صارفین بھی آپ سے بآسانی رابطہ کر سکیں گے۔چنانچہ اگر آپ کھاتہ بنانا چاہیں تو یہاں اس صفحہ پر موجود فارم میں مطلوبہ معلومات درج کریں اور کھاتہ بنا لیں۔ کھاتہ بنانے کے بعد اردو ویکیپیڈیا پر آپ کا اپنا صفحہ صارف بھی ہوگا جسے عرف عام میں پروفائل کہا جاتا ہے، نیز کھاتہ بنانے کے فوراً بعد آپ کے اپنے تبادلۂ خیال صفحہ پر ایک خیر مقدمی پیغام موصول ہوگا، جسے بغور مطالعہ فرمائیں۔